سڈنی ٹیسٹ ،تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان کے 7کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

سڈنی(پاک ترک نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان کی دوسری اننگز میں 7کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ۔
سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان کے 313 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 299 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں قومی ٹیم کو 14 رنز کی برتری ملی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا لیکن عبد اللہ شفیق ایک بار پھر پہلے ہی اوور میں صفر پر بولڈ ہو گئے جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے کپتان شان مسعود کو اننگز کے دوسرے اوور میں پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا۔
بعدازاں صائم ایوب اور بابر اعظم نے پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا سکور 58 تک پہنچایا جس کے بعد صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
کچھ ہی دیر بعد پاکستان کی چوتھی وکٹ 60 رنز پر گر گئی جب بابر اعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں، چھٹی اور ساتویں وکٹ 67 رنز پر ایک ہی اوور میں گری، سعود شکیل 2 جبکہ ساجد خان اور آغا سلمان کو صفر پر جوش ہیزل ووڈ نے ایک ہی اوور میں پویلین کی راہ دکھا دی۔
آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے پہلی کامیابی آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی وکٹ کی صورت میں حاصل کی جو 34 رنز بنا کر آغا سلمان کا شکار بنے جبکہ عثمان خواجہ کو عامر جمال نے 47 رنز پر آؤٹ کیا۔
میچ کے تیسرے روز مارنوس لبوشین کے ساتھ 79 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرنے والے سٹیو سمتھ 187 رنز کے مجموعی سکور پر میر حمزہ کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔
آغا سلمان نے 60 رنز بنانے والے مارنوس لبوشین کو کلین بولڈ کر دیا۔
تیسرے روز کھانے کے وقفے کے بعد مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے دوبارہ بیٹنگ شروع کی تو ٹریوس ہیڈ کو شاہینوں نے سنبھلنے نہ دیا اور وہ صرف 10 رنز بنانے کے بعد عامر جمال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
289 کے مجموعے پر ایلکس کیری بھی 38 رنز بنا کر آف سپنر ساجد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
مچل مارش 54 رنز اور نیتھن لائن 5 رنز پر عامر جمال کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، جوش ہیزل ووڈ کو بھی عامر جمال نے صفر پر آؤٹ کیا جبکہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو بھی عامر جمال نے پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سلمان علی آغا کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو ساجد خان اور میر حمزہ نے آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 54 اور مارنس لبوشین 60 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عثمان خواجہ نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More