لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کیلئے ذکا اشرف اور مصطفی رمدے کا نام بھجوائے جانے کا امکان ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف پی سی بی بورڈ آف گورنرز کیلئے 2 ناموں کی منظوری دیں گے، جس کے بعد بورڈ آف گورنرز کی تعداد 10 ہو جائے گی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے 2 نامزدگیوں کے بعد چیئرمین پی سی بی کا الیکشن ہو گا،چیف الیکشن کمشنر پی سی بی انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے، الیکشن رواں ہفتے ہی ہونے کا امکان ہے۔
نجم سیٹھی پی سی بی کی چیئرمین شپ کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں، ان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میں آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان تنازع کا سبب نہیں بننا چاہتا، اس طرح نجم سیٹھی کی دستبرداری کے بعد ذکاء اشرف چیئرمین شپ کے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارت بین الصوبائی رابطہ دو امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد چیف الیکشن کمشنر بورڈ آف گورنرز کا اجلاس بلائیں گے۔
بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں چیئرمین پی سی بی کا چناؤ عمل میں لایا جائے گا۔
نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی عہدے کی میعاد21 جون کو ختم ہورہی ہے۔
یاد رہے کہ ذکا اشرف 2011میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ رہ چکےہیں ۔