صدر مملکت اوروزیراعظم کا ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پراظہارافسوس

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا، ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے ، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔
صدر مملکت نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور جاں بحق دیگر افراد کے سوگواران سے تعزیت کا اظہار کیا ، صدر مملکت نے کہا کہ پچھلے ماہ ہمیں پاکستان میں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری گفتگو کے دوران، میں نے انہیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم پایا، آغا رئیسی ہمیشہ پاکستان اور اسکے عوام کو خاص مقام دیتے،ان کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
صدر مملک آصف علی زرداری کاکہنا تھا کہ صدر رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اور عالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے، ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملک بھر میں یوم سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد مثبت خبر کا منتظر تھا مگر ایسا نہ ہوا، اس المناک نقصان پر پاکستانی قوم اور حکومت کی جانب سے ایران سے افسوس اور اظہارِ تعزیت کرتا ہوں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ شہادت کا رتبہ پانے والوں کو جنت الفردوس میں مقام عطا کرے، وزیراعظم ایرانی قوم اپنے روایتی جرات سے اس عظیم صدمے کو برداشت کرے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم ابراہیم رئیسی کے گزشتہ ماہ پاکستانی دورے کو یاد کرتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم ریئسی ، وزیر خارجہ اور دیگر ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم ریئسی کی شہادت پر دلی رنج اور صدمہ ہوا ہے، ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کے وقت ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر پاکستان کے بہترین دوست تھے ، حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ایرانی صدر سے ملاقات یادگار رہی، پاک ایران تعلقات کے حوالے سے ایرانی صدر ابراہیم ریئسی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کی المناک موت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔
پی پی پی چیئرمین بلاول نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور انکے رفقاء کے انتقال پر ایران کی عوام سے تعزیت کرتا ہوں، اس افسوسناک واقعے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے اور اپنے ایرانی بہن بھائیون کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور شہریوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More