اسلام آباد (پاک ترک نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے خنجراب پاس دوبارہ کھُلنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ عظیم آہنی بھائی چین کے ساتھ تجارت کی بحالی خوش آئند ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خنجراب پاس کھلنے سے سی پیک کی رفتار بڑھانے کی راہ میں ایک اور رکاوٹ دور ہو گئی ۔امید ہے کہ تجارتی راہداری کھُلنے سے دونوں ممالک میں تجارت میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ تین سال بعد دونوں ممالک میں تجارتی راہداری کی بحالی بڑی خوشی کا لمحہ ہے۔جو سفر نومبر 2019 میں رُکا تھا، وہ 2023 میں پھر سے بحال ہوگیا ہے، الحمدللہ
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 2018 میں سی پیک جس رفتار پر چھوڑ کر گئے تھے، اسے دوگنا سے زیادہ رفتار سے بڑھانا چاہتا ہوں۔سی پیک قائد محمد نوازشریف اور چین کی عظیم قیادت کا خطے اور عوام کے لئے خوش حالی اور ترقی کا تحفہ ہے ۔ایک فارن فنڈڈ شخص نے سی پیک کو متنازعہ بنانے کا جرم کیا۔امید ہے کہ دونوں ممالک میں تجارتی سرگرمیوں میں ہر روز اضافہ ہوگا۔چین کی قیادت اور عوام کی پاکستان کے لئے محبت اورتعاون ناقابل فراموش ہے۔
وزیراعظم نے تجارتی و سفری بحالی پر دونوں ممالک کے حکام اور ٹیم ممبرز کو خراج تحسین پیش کیا۔