اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر آج شام ترکیہ جائیں گے ۔وزیراعظم انقرہ میں نو منتخب ترک صدر اردوان کی صدراتی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کا دورہ، پاکستان اور ترکیہ کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ ہوگا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف 28 مئی 2023 کو رجب طیب ایردوان کے ترکیہ کی صدارت کیلئے دوبارہ انتخاب پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کریں گے۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات کے مزید فروغ کے لیے وزیر اعظم صدر ایردوان کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) میں شرکت کی دعوت دیں گے۔
پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ عقائد، ثقافت اور تاریخ کی مماثلت پر مبنی ہیں، اور یہ باہمی اعتماد اور علاقائی اور عالمی معاملات پر نظریات کی ہم آہنگی سے مضبوط ہوتے ہیں۔ اعلیٰ قیادت کی سطح پر متعدد تبادلے دونوں ممالک کے مابین گہرے تعلق کے نمایاں پہلو ہیں۔