وزیراعظم آج خانیوال ماڈل ایگریکلچر فارم کا افتتاح کریں گے

خانیوال (پاک ترک نیوز) گرین پاکستان انیشی ایٹو کے فلیگ شپ پراجیکٹ "خانیوال ماڈل ایگریکلچر فارم” کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی شرکت کریں گے۔
تقریب میں وزرائے خزانہ، دفاع، پلیننگ ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل انیشی ایٹو ، نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، اطلاعات، صوبائی حکومتوں کے چیف سیکریٹریز، زرعی ماہرین، قابلِ ذکر کسانوں اور فوج کے اعلیٰ افسران بھی شرکت کریں گے۔
افتتاحی تقریب میں برطانیہ، اٹلی، سپین، چین، بحرین، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور دیگر ممالک سے غیر ملکی معززین اور ممکنہ سرمایہ کاروں کی بھی شرکت متوقع ہے۔
"لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم – سینٹر آف ایکسی لینس” کے قیام کے بعد فوڈ سیکیورٹی پر منعقد ہونے والے قومی سیمینار میں "گرین پاکستان انیشی ایٹو” کا آغاز ہواتھا جس کے بعد اس فلیگ شپ فارم کا افتتاح اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ایک کوشش ہوگا کہ پاکستان نہ صرف خوراک کو محفوظ بنانے بلکہ کثیر برآمدات کے لیے خاطر خواہ پیداوار کو یقینی بنا کر قومی معیشت کو دوام بخشے گا۔
زرعی ماہرین بشمول کھیت ، فصلوں، باغات، اسپیشلٹی کور، ٹیکسٹائل اور لائیو سٹاک کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین بھی شرکت کرینگے ۔
اس فلیگ شپ پراجکٹ کا ہدف سرکاری اور نجی شعبوں کے اشتراک کے ساتھ ساتھ مقامی کسانوں کو غذائی تحفظ فراہم کرنا بھی ہے ۔
تقریب میں ماہرین، حکومتی نمائندوں، ماہرِ تعلیم، صنعتکاروں اور ممکنہ سرمایہ کار بھی شرکت کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی قلیل وقت میں جدید ترین فارم قائم کرنے اور پاکستان میں زراعت کی نئی سطح کو متعارف کرانے میں فون گرو/فوجی فاؤنڈیشن کا اہم کردار ہے ۔
آرمی چیف گرین پاکستان انیشی ایٹو اور فون گروکے احسن اقدامات اور زرعی اصلاحات کی بحالی کے لیے حکومتِ پاکستان کو پاک فوج کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلا چکے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More