وزیراعظم پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ’’روڈ ٹو مکہ ‘‘ معاہدے میں توسیع منصوبے کی تقریب میں شرکت کریں گے

 

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف آج سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان روڈ ٹو مکہ کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شریک ہونگے ۔سعودی نائب وزیر داخلہ پاکستان پہنچ گئے، اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
تقریب آج شام پاکستان ٹیلی ویژن نیوز پر وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد سے براہ راست نشر کی جائے گی۔
گزشتہ روز روڈ ٹو مکہ منصوبے میں توسیع کے معاہدے پر دستخط کیلئے سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان اور دیگر حکام نے نور خان ایئربیس پر سعودی نائب وزیر داخلہ کا استقبال کیا تھا۔
حکام وزارت داخلہ کے مطابق ’سعودی نائب وزیر داخلہ دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ منصوبے میں توسیع کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔‘
’اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، باہمی تعاون، منشیات سمگلنگ کی روک تھام اور پاکستانی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے معاملات زیر غور آئیں گے۔‘
’سعودی نائب وزیر داخلہ وزیراعظم، وزیر داخلہ اور وزیر انسداد منشیات سمیت ایف آئی اے اور دیگر اہم اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔‘
یاد رہے کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے ذریعے عازمین کا کسٹم اور امیگریشن پاکستان میں ہی کیا جاتا ہے۔
پروجیکٹ کے تحت حجاج کو سعودی ایئرپورٹس پر کسٹم اور امیگریشن سے استثنیٰ ہوگا اور عازمین مختصر وقت میں سعودی ایئر پورٹس سے رہائش گاہوں کی طرف روانہ ہوں گے۔
اس منصوبے میں توسیع کے تحت اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں سے روانہ ہونے والے حجاج کو بھی یہ سہولت حاصل ہو جائے گی۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More