سعودی وفد نے پاکستان کی مہمان نوازی کا کھلے دل سے اعتراف کیا: وزیراعظم

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وفد نے پاکستان کی مہمان نوازی کا کھلے دل سے اعتراف کیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، سعودی وفد کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانے میں تمام متعلقہ وزراء اور حکام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کے سربراہ نے جس انداز میں پاکستانی حکام کی تعریف کی اس سے دل باغ باغ ہوگیا، برادر ملک سعودی عرب کے وفد نے جس گرمجوشی کا مظاہرہ کیا وہ میرے لئے باعث فخر ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی وفد اپنے دورے میں ہونے والی پیش رفت سے ولی عہد محمد بن سلمان کو آگاہ کرے گا، سعودی وفد نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وزراء کی تیاری کی بے حد تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وفد نے بتایا کہ ہم خوشی کے ساتھ واپس جا رہے ہیں، جا کر بتائیں گے پاکستان میں ایک نیا دور دیکھا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دل کی گہرائیوں سے آپ سب وزراء کا شکرگزار ہوں، تمام وزراء نے بہترین کاوشیں کی ہیں، اللہ تعالیٰ آپ سب کو ہمت، توانائی اور ملک کی خدمت کرنے کا موقع دے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More