حکومت اور پی ٹی آئی میں انتخابات کے معاملے پر مذاکرات کا دوسرا دور شروع

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان انتخابات کے معاملے پر مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہوگیا،
حکومتی مذاکراتی وفد میں اسحاق ڈار، یوسف گیلانی، طارق چیمہ، سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ شامل ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور بیرسٹر علی ظفر مذاکراتی وفد کا حصہ ہیں۔مذاکرات پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر 3 میں جاری ہیں۔
گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا جس میں کوئی فیصلہ نہ ہوا تاہم دونوں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے اور دوبارہ بیٹھنے پر اتفاق کیا تھا۔
دوسرے روز کے مذاکرات سے پہلے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے تحریک انصاف کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سیاسی تناؤ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی تجویز دی۔
اس سے قبل چیئرمین سینیٹ نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے بھی مشاورت کی تھی۔
دریں اثناء قبل قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار کے چیمبر میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ارکان کی اہم بیٹھک ہوئی۔
اسحاق ڈار کے علاوہ یوسف رضا گیلانی، اعظم نذیر تارڑ اور نوید قمر شریک ہوئے اور حکومتی ٹیم نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کی۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فوری اسمبلی توڑکرالیکشن کرانا چاہتی ہے توہی بات کریں، اگردوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More