اسرائیل کی جانب سے چھوٹی سے چھوٹی کارروائی تل ابیب اور حیفا کی تباہی کا سبب بنے گی ،ایرانی صدر

 

تہران(پاک ترک نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے چھوٹی سے چھوٹی کارروائی تل ابیب اور حیفا کی تباہی کا سبب بنے گی ۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے تقریب سے خطاب کے دوران اسرائیل کو خبردار کیا کہ ایران کے خلاف چھوٹی سے چھوٹی کارروائی سے مسلح افواج کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آئے گا جو حیفا اور تل ابیب کی تباہی کا سبب بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے بارہا متنبہ کیا ہے کہ اگر ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کی سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ فوجی کارروائی کرے گا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران متعدد مواقع پر اسرائیل پر اپنی جوہری تنصیبات اور سائنس دانوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرچکا ہے جبکہ اسرائیل ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کا الزام لگاتا ہے جس کی تہران کئی مرتبہ تردید بھی کر چکا ہے۔
ابراہیم رئیسی نے امریکی فوجیوں سے مشرق اوسط کو چھوڑنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج کا غیرملکی افواج بالخصوص امریکی افواج کو یہ پیغام ہے کہ وہ جلد خطے سے نکل جائیں کیونکہ غیرملکی افواج کی موجودگی سے خطے کی سلامتی نہیں رہتی۔
یادرہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے چین پر زور دیا تھا کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More