استنبول(پاک ترک نیوز) ترکیہ کے مسلسل تیسری بار منتخب صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے عوام اپنے ملک کے لیے فیصلے خود کرتے ہیں مغرب نہیں۔
حالیہ صدارتی انتخابات میں ترکیہ کے مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہونے والے صدر طیب اردوان نے بیان میں کہا کہ سلطنت عثمانیہ کو استنبول فتح کیے ہوئے 570 برس مکمل ہوگئے جو ہماری تاریخ کا فیصلہ کن موڑ تھا۔ حالیہ صدارتی الیکشن بھی ترکیہ کے لیے ایسا ہی ٹرننگ پوائنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ذمہ داری 6 فروری کے زلزلے میں تباہ ہونے والے شہروں کی آبادکاری ہے۔ ہم لوگوں کی زندگی کو بہتر بنائیں گے اور مہنگائی کم کریں گے۔
صدر اردوان نے مزید کہا کہ کوئی سمجھوتہ کیے بغیر ترکیہ پر ترقی کے دروازے کھول دئیے۔ دوبارہ صدارت کی ذمہ داری ملنے کے بعد ہم سب مل کر اسے ترکیہ کی صدی بنائیں گے۔ یہ وقت متحد ہونے اور کام کرنے کا ہے۔