ترک پارلیمنٹ نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی درخواست کا معاملہ خارجہ امور کی کمیٹی کو بھیج دیا

انقرہ (پاک ترک نیوز)
صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کے لئےپیش کیا جانے والا بل ترک پارلیمنٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
ترک میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صدر اردون نے پیر کے روز سویڈن کے نیٹو میں شمولیت کے پروٹوکول کی منظوری کا بل ترک پارلیمنٹ کو بھجوایا تھا۔ جسے گذشتہ شب پارلیمنٹ کے اجلاس میں پیش کیا گیا اور ایوان کی رائے کے مطابق ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر نعمان قرتولموس کے دستخطوںکے ساتھ اسے کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ۔
قبل ازیںپیر کے روز صدر رجب طیب اردوان نے یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ہم نے فن لینڈ اور سویڈن سے اپنے جائز تحفظات کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی درخواست کی۔ جس میں انسداد دہشت گردی اور دفاعی صنعت کی برآمدات پر عائد پابندیوں کو ہٹانا بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ فروری 2022 میں روس کی جانب سے یوکرین میں جنگ شروع کرنے کے فوراً بعد فن لینڈ اور سویڈن نے نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواست دی تھی۔
ترکئی نے پہلے فن لینڈ کی نیٹو کی رکنیت کی منظوری دی تھی لیکن کہا تھا کہ وہ انقرہ کے سیکورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے جون 2022 میں دستخط کیے گئے سہ فریقی میمورنڈم کی پاسداری کے لیے سویڈن کا انتظار کر رہا ہے۔مگر سویڈن جانب سے کچھ پیش رفت کے باوجود تاحال درکار اقدامات نہیں کئے جارہے۔ جبکہ ترک حکام نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ سویڈن کے الحاق کی توثیق کرنے کا فیصلہ ترک قانون سازوں پر منحصر ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More