واشنگٹن(پاک ترک نیوز) امریکا پاکستان کو مزید100 ملین ڈالر اضافی امداد دے گا، اعلان کردہ رقم خوارک، طبی امداد، زراعت اور انفرا اسٹریکچر کی تعمیر کیلئے استعمال ہوگی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کو مالی امداد کیلئے مزید 100 ملین ڈالر اضافی رقم فراہم کرے گا، اس فراہمی کیلئے دونوں ممالک مل کر کام کر رہے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے سو ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے، جس کے ساتھ امداد میں ہمارا حصہ دو سو ملین ڈالر سے زائد ہوگیا ہے، حالیہ اعلان کردہ سو ملین ڈالر خوارک، طبی امداد، زراعت اور انفرااسٹریکچر کی تعمیر کیلئے استعمال ہوں گے اور امدادی رقم پاک امریکا گرین الائنس کے تحت دی جائے گی۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں متاثرین کی بحالی ایک مسلسل عمل ہے، جس کیلئے پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہیں تاکہ مستقبل میں ایسی قدرتی آفات سے اپنے عوام کو محفوظ کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیر 9 جنوری کو جنیوا میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں امریکا کی جانب سے پاکستان کیلئے مزید امداد کا اعلان کیا گیا تھا، امریکا سیلاب متاثرین بحالی کیلئے مزید 100ملین ڈالرز امداد فراہم کرے گا۔