نیویارک (پاک ترک نیوز) ) دنیا کی آبادی آئندہ چند برس کے دوران 10 ارب سے تجاوزکا امکان ہے ۔
اقوامِ متحدہ ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹس رپورٹ کے مطابق دنیا کی اس وقت آبادی 8.2 ارب نفوس پر مشتمل ہے اور یہ آبادی آئندہ چند برس میں 10.8 ارب تک پہنچ جائے گی۔
ویب سائٹ ورلڈو میٹر کے مطابق رواں برس اب تک دنیا بھر میں 7 کروڑ 11 لاکھ بچے پیدا ہوئے جبکہ 3 کروڑ 22 لاکھ افراد انتقال کر گئے۔
اس وقت پاکستان 24 کروڑ 53 لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ دنیا بھر کے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے، پڑوسی ملک بھارت 14 کروڑ 42 لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر، چین 14 کروڑ 25 لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ دوسرے نمبر پر، امریکا 34 کروڑ سے زائد آبادی کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور انڈونیشیا 27 کروڑ آبادی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
اقوامِ متحدہ ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹس رپورٹ کے مطابق دنیا میں لوگوں کی کُل تعداد 2080ء کی دہائی میں عروج پر ہو گی۔
دنیا میں آبادی 2080ء کی دہائی میں عروج کے بعد آہستہ آہستہ کم ہونے لگے گی، آبادی میں اضافے کی شرح یہی رہی تو بائیسویں صدی میں دنیا میں سانس لینے والے انسانوں کی تعداد ممکنہ طور پر گیارہ ارب سے تجاوز کر چکی ہو گی۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں 11 جولائی کو آبادی کا عالمی دن منایا جاتا ہے، یہ رپورٹس اسی دن کے حوالے سے سامنے آئی ہیں۔