نوجوان آبادی پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے : وزیراعظم

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوان آبادی پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔نوجوانوں کو وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو یکساں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تمام تر تربیتی پروگرامز کا محور روزگار کی فراہمی ہونا چاہئے۔ جاب مارکیٹ کا تفصیلی سروے کروا کر اس کے مطابق ترجیحی شعبوں میں اسکل ٹریننگ کا آغاز کیا جائے ۔
اجلاس کو پی ایم یوتھ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت اب تک 6 لاکھ لیپ ٹاپس دیئے جا چکے ہیں۔اس سال نوجوانوں میں میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کئے جائیں گے۔گزشتہ تین سالوں میں یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والوں میں 64 فیصد کو باعزت روزگار ملا۔
دوران بریفنگ شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ پی ایم نیشنل انوویشن ایوارڈ کے تحت 100 اسٹارٹ اپس کو فنڈ کیا گیا ہے جنہیں ملک بھر میں نامزد انکیوبیشن مراکز میں جگہ دی جا رہی ہے۔پی ایم یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت 10 بین الاقوامی معیار کی اسپورٹس اکیڈمیاں اور ایک بائیو مکینیکل لیبارٹری اس سال کام شروع کر دیے گیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائم منسٹر گرین یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی سے بچاؤ اور ایکو -انوویشن کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے اس حوالے سے ملک بھر کی 268 جامعات کو ٹارگٹ کیا جائے گا۔نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی 2024 کی تیاری حتمی مراحل میں ہے ۔پالیسی کا محور نوجوانوں کو با عزت روزگار کی فراہمی کے مواقع پیدا کرنے اور ورک فورس کی خواتین کی شرح میں اضافہ ہو گا ۔پی ایم ڈیجیٹل حب جو ایک ون ونڈو آپریشن ڈیش بورڈ ہو گا تیار کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، چئیر مین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More