اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر ہم اپنے ٹیکس محصولات میں اضافہ نہیں کرتے ہیں تو یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حکومت رواں ماہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے کے لیے پر اُمید ہے، تاہم اگر ہم اپنے ٹیکس محصولات میں اضافہ نہیں کرتے ہیں تو یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام نہیں ہوگا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے اس معاہدے کا تخمینہ 6 سے 8 ارب ڈالر لگایا ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ جب تک معیشت درآمدات پر مبنی رہے گی، ہمارے پاس ڈالر ختم ہوتے رہیں گے، پاکستان کا انحصار درآمدات پر ہے جس کے باعث قرض کی ادائیگی کے لیے مزید قرض لینا پڑتا ہے۔