عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں، خواجہ آصف

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے عالمی نشریاتی ادارے ”الجزیرہ“ سے گفتگو میں کہا ہے کہہم نے گرفتاریوں پر کبھی عسکری و سول تنصیبات پر حملے نہیں کئے، عسکری و سول تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عسکری تنصیبات سمیت عوامی و سرکاری املاک پر حملے کئے، ایسا عمل پاکستان کے خلاف جنگ کے مترادف ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ 9 مئی کو راولپنڈی، میانوالی، لاہور میں پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے عسکری تنصیبات پر حملے کئے، پاکستان میں اس سے پہلے بھی گرفتاریاں ہوتی رہی ہیں، میں بھی گرفتار ہوا تھا، میرا لیڈر اور میری سیاسی پارٹی کے کئی لوگ گرفتار ہوئے لیکن ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی ۔ہمارے سیاسی اختلافات ضرور ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سرکاری و عوامی املاک پر حملے کئے جائیں۔
وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی بحران ضرور ہے لیکن بہت جلد اس پر قابو پا لیا جائے گا، شہروں میں امن بحال ہو چکا ہے آئندہ چند دنوں میں حالات معمول پر ہوں گے۔
خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے عسکری تنصیبات، ملٹری بیسز اور عسکری شخصیات کی رہائش گاہوں پر حملے کئے ان کے ٹرائل آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق ملٹری کورٹس کے تحت ہوں گے، ہم نئی عدالتیں اور نئے قوانین نہیں بنا رہے، پہلے سے قوانین موجود ہیں، ایسے ملزمان کے پاس ہائی کورٹس اور پھر سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہوگا۔
انتخابات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن اکتوبر میں اپنے وقت پر ہوں گے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More