الیکشن سے فرار اختیار کرنے والے توہین عدالت کریں گے،عمران خان

 

لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہناہے کہ الیکشن سے فرار اختیار کرنے والے توہین عدالت کریں گے۔
الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا الیکشن سےمتعلق فیصلہ خوش آئند ہے، پاکستان کے ہر وکیل نے کہا کہ 90 دن میں انتخابات لازمی ہیں، لیکن پی ڈی ایم ٹولہ الیکشن سے فرار چاہتا ہے، حکمران خوفزدہ اور ڈرے ہوئے ہیں، ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت انتخابات ہارنے سے گھبرا رہی ہے، رائےعامہ کے تمام جائزوں سے حکومتی شکست ظاہر ہے، اس لیے وہ الیکشن سے خوفزدہ ہیں اور آئین کی خلاف ورزی پر بھی آمادہ ہے۔
عمران خا ن کا کہنا تھا کہ یہ سپریم کورٹ پرحملے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کی صرف یہ کوشش ہے کہ الیکشن نہ ہوں، یہ عدالت عظمیٰ میں بھی تقسیم پیدا کررہے ہیں، انہیں پتہ ہے کہ الیکشن ان کی تباہی ہے، خود کو بچانے کیلئے یہ پاکستان کے آئین کے خلاف جارہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن سے فرار اختیار کرنے والے توہین عدالت کریں گے، سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا گیا اور الیکشن روکنے کی کوشش کی گئی تو قوم سڑکوں پر نکلے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More