اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ نے کہاہے کہ ووٹ کی عزت کی بات کرتے تھے وہ آج ووٹ کی بے توقیری اور بے عزتی سے حکومت بنانا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تقاضا کیا ہے کہ دکھائیں ایک لاکھ کی لیڈ کو کس طرح 12ہزار میں تبدیل کردیا گیا، انتخابات میں دھاندلی ہوئی ،یہ بھی پتہ ہے کہ کیسے ہوئی، میں این اے 128کا الیکشن 90ہزار کی لیڈ سے جیت چکا ہوں، 8فروری کو انٹرنیٹ بند ہوا،موبائل فون کے ڈیٹا پیکج کو بند کیا گیا، انٹرنیٹ اور فون سروس بندکرکے جھگڑا پیدا کیا گیا، ہم ہر دروازے پر دستک دیں گے،قانونی راستہ اپنائیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میری جیت کو اگلے دن شکست میں تبدیل کردیا گیا، مجھے آر او آفس سے گریبان پکڑ کر نکال دیا گیا، یہ ان لاکھوں لوگوں کی توہین ہے جنہوں نے ووٹ ڈالا، فارم 45کے مطابق بڑے مارجن سے جیت رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آر اوز کا کردار انتہائی افسوسناک ہے، آئندہ کا لائحہ عمل پرامن احتجاج ہی ہوگا، اگر کوئی جھوٹ پر مبنی حکومت بنابھی لے گا تو ملک اورعوام کیلئے کیا کرلے گا؟
ان کامزید کہنا تھا کہ دھاندلی کو صرف ریاست ختم کراسکتی ہے، ہمیں نظر آرہا ہے ریاست کے اہلکار دھاندلی کرارہے تھے، کوئی بھی ادارہ ،جج اور الیکشن کمیشن اس دھاندلی کو جھٹلا نہیں سکے گا، دھاندلی آراو اور پولیس افسران نے کی ہے، آر او صاحبان کے دفتر میں دھاندلی ہوئی۔
یاد رہے کہ سلمان اکرم راجہ نے عون چودھری کی کامیابی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔