لاہور(پاک ترک نیوز) بابر اعظم سمیت تین پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میں آرام دیئے جانے کا امکان ہے۔
کپتان شان مسعود، ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور سلیکشن کمیٹی نے اگست میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کے سکواڈ سے متعلق بات چیت شروع کر دی ہے۔
امکان ہے کہ موجودہ وائٹ بال والے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے لیے آرام دیا جائے گا جب کہ حارث رؤف کی ٹیم میں شمولیت پر بھی غور نہیں کیا جا رہا۔
سعود شکیل، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا اور سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو حتمی سکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
فاسٹ باؤلنگ کے شعبے کی بات کی جائے تو نسیم شاہ، شاہنواز دہانی، میر حمزہ، خرم شہزاد اور عامر جمال کی سلیکشن کے لیے غور جاری ہے۔
پاکستان اگست میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کرے گا اور یہ سیریز 2019-2020 کے بعد پہلی بار ہو گی جب پاکستان قوم کی میزبانی کرے گا۔
یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-2025 کا حصہ بنے گی۔