عیدالفطر کے پر ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے موقع پر شدید بارشوں کی نوید سنا دی، پنجاب کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔
ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا نے بتایا ہے کہ اپریل 10 سے 15 اپریل کے درمیان وقفے وقفے سے طوفانی بارشیں ہوں گی۔ 10 سے 12 اپریل مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارش کے امکانات ہیں۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ 12 اپریل سے گوجرانوالا، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں بارشیں ہوں گی۔ بہاولپور ڈویژن کے اضلاع بھی تیز بارشوں کی زد میں رہیں گے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ شہری عید الفطر کی تیاریوں میں موسمی صورت حال کو ضرور ذہن میں رکھیں۔ عید کی چھٹیوں میں سیاحت کی غرض سے نکلنے والے موسم کی اپڈیٹس ضرور لیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے سے پہلے ضروری سامان ساتھ رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو ادارے اور ضلعی انتظامیہ عید کی چھٹیوں میں بھی الرٹ رہے۔ سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
اسی طرح کمشنرز، ڈی سیز اور محکمہ آبپاشی کو بھی موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

 

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More