کراچی (پاک ترک نیوز)
پاکستان میں ٹویوٹا گاڑیاں بنانے والی انڈس موٹر کمپنی (IMC) نے انوینٹری کی کمی کو جواز بناتے ہوئے ایک بار پھر ریکارڈ ایک ماہ کے لئے اپنی پیداوار بندکے دی ہے۔
انڈس موٹرز کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس بار پیداوار 17 اکتوبر سے 17 نومبر تک معطل رہے گی ۔کمپنی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تیار شدہ گاڑیوں کی انوینٹری کی موجودہ سطح اور سپلائی چین کے چیلنجز کی وجہ سے پرزوں کی کمی کی بنیاد پر کمپنی نے 17 اکتوبر 2023 سے 17 نومبر 2023 تک اپنا پروڈکشن پلانٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تاہم پلان میں کسی تبدیلی کی صورت میں اس کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔یہ انڈس موٹر کا اس سال پیداوار بند کرنے کا نواں اعلان ہے۔ اس سے قبل کمپنی نے انوینٹری کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے گزشتہ ماہ 28 ستمبر سے 09 اکتوبر تک اپنے پلانٹ کو مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
انڈس موٹر کے تازہ ترین مالیاتی اعداد وشمار کے مطابق کمپنی نےرواں مالی سال میں 9.66 ارب روپے کا خالص منافع کمایا ہے جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 15.8 ارب روپے کی کمائی کے مقابلے میں تقریباً 39 فیصد کم ہے۔
ملک کا آٹو سیکٹرجو درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔حکومت کے درآمدات کو روکنے اور ایل سی کے اجراء کو محدود کرنے کے فیصلے سے سخت متاثر ہوا ہے۔دوسری طرف بڑھتی ہوئی مالیاتی لاگت اور کاروں کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے نے بھی صارفین کی مانگ میں کمی کی ہے۔چنانچہ مالی سال24 کی پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی فروخت 20,983 یونٹس رہی، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 40فیصد کم ہے۔
سابقہ پوسٹ