تربت: پاکستان نیول ایئر بیس پر حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید

راولپنڈی(پاک ترک نیوز) سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاکستان نیول ایئر بیس پر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں واقع پاکستان نیول ایئر بیس پر رات گئے مسلح دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں نے بروقت موثر جواب دیتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی جام شہادت نوش کر گیا، شہید ہونے والے فرنٹیئر کور کے 24 سالہ نعمان فرید کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا۔کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تربت نیول ایئر بیس پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت مؤثر کارروائی سے دہشت گرد جہنم واصل ہوئے اور ہم ایک بڑے نقصان سے بچ گئے، ہم دہشت گردی کی عفریت کو کچلنے کیلئے پر عزم ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More