انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترکیہ نے امریکہ سےایف۔ 16 لڑاکا طیاروں کی فروخت کی منظوری کے معاملے کو فوری طور پرحل کرنےکے ساتھ دفاعی صنعت کے شعبے میں انقرہ کے خلاف پابندیاں ہٹانے پر زور دیا ہے۔
ترک وزیر خارجہ مولودچاوش اولو پیر کے روز انقرہ میں صدارتی کمپلیکس میں ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ترک وزیر خارجہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ امریکی ایف 16 جنگی طیاروں کے لیے 20 بلین ڈالر کے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ترکیہ چاہتاہے کہ امریکی انتظامیہ ایف۔ 16 کے لیے باضابطہ اطلاع کانگریس کو نوٹس بھیجے۔انہوںنے کہا کہ ایف۔ 16 لڑاکا طیاروں کی فروخت کے معاہدے کو حتمی شکل دینا دونوں فریقوں کے لیے فائدہ مند ہے اور مزید کہا کہ انقرہ کو اس معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے کانگریس کی حمایت کی توقع ہے۔
دریں اثنا بلنکن نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کے لیے موجودہ ایف۔ 16 کو اپ گریڈ کرنا اور ترکیہ کو نئے طیارے فراہم کرنا "قومی مفاد اور سلامتی کامعاملہ” ہے۔
چاوش اولونے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ باہمی ایجنڈے میں ایک ترجیحی چیز ہے، اور مزید کہا کہ سیکورٹی کے شعبے میں مزید موثر تعاون اور اشتراک عمل کیا جائے۔