انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترکیہ نے اس ماہ کے تباہ کن زلزلوں کے بعد گھروں کی تعمیر نو کے لیے ابتدائی کام شروع کر دیا ہے۔ اور اس منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 15ارب ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے۔جبکہ اقوام متحد ہ نے آفت سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے عالمی برادری سے مزید امداد کا مطالبہ کردیا ہے۔
ترکیہ کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہفتوں کی تلاش اور بچاؤ کی کوششوں کے بعد ترک حکام کی توجہ اب زخمیوں کےعلاج اور بڑے زلزلے سے بے گھر ہونے والے لوگوں کی رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے پر مرکوز ہو گئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ترکیہ کا ابتدائی منصوبہ کم از کم 15 بلین ڈالر کی لاگت سے 200,000 اپارٹمنٹس اور 70,000 گاؤں کے مکانات کی تعمیر کا ہے۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی آفادکا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعداب تک 9,136 آفٹر شاکس آچکے ہیں۔جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ترکیہ میں کم از کم 44,218 اور شام میں 5,914 افرادتک پہنچ چکی ہے۔یوں اس قدرتی آفت کے نتیجے میںمجموعی طور پر دونوںملکوں میں 50,000 سے زائد افراد لقمئہ اجل بن چکے ہیں۔