انقرہ (پاک ترک نیوز) ترکیہ کی جانب سے انسانی امداد کیلئے خوراک اورادویات سے بھرا بحری جہاز غزہ روانہ کردیا ۔
تفصیلات کےمطابق ترکیہ نے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے لیے جان بچانے والی انسانی امداد لے کر ایک بحری جہاز بھیجا ہے۔وزیر صحت فرحتین کوکا کے اعلان کے مطابق تقریباً 500 ٹن امدادی سازوسامان، جن میں ادویات، طبی آلات، آٹھ فیلڈ ہسپتال، 20 ایمبولینسز اور طبی استعمال کی اشیاء شامل ہیں، مصر کے راستے غزہ کی پٹی تک پہنچائی جائیں گی۔
طبی سامان اور ایمبولینسوں کو کارگو جہاز پر لاد دیا گیا تھا، جو ازمیر کے السنکاک بندرگاہ کے ایجین صوبے سے روانہ کیا گیا ۔
بحر جہاز علی الصبح بندرگاہ سے مصر کے شہر العریش جانے کے لیے روانہ ہوا، مصر کی رفح سرحدی کراسنگ کے قریب جنگ زدہ انکلیو میں داخل ہو گا اور بحری جہاز کی ہفتہ تک العریش پہنچنے کی توقع ہے۔
ایک ماہ قبل اسرائیل اور حماس تنازعہ کے بعد سے غزہ میں پانی، بجلی اور ایندھن کی سپلائی منقطع ہے، جس کے نتیجے میں کئی ہسپتالوں کو بند کرنا پڑا ہے۔
اس سے ترکیہ جیسے ممالک کی طرف سے امداد کی ترسیل غزہ کے لیے ایک اہم لائف لائن بنتی ہے، جو کہ 7 اکتوبر سے اسرائیل پر فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کی جانب سے بے مثال حملے کے بعد سے مسلسل بمباری کی مہم کے تحت ہے۔
ترکیہ نے اس سے قبل مصری وزارت خارجہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کے ذریعے آٹھ طیاروں کے سامان، طبی استعمال کی اشیاء، آلات اور جنریٹر غزہ بھیجے ہیں۔