ترکیہ نے ایف۔16لڑاکا طیاروں کی خریداری اور اپ گریڈنگ کی امریکی پیشکش قبول کرلی

واشنگٹن/انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترکیہ نے F-16 لڑاکا طیاروں کی خریداری کے لیے پیشکش اور قبولیت کے خط پر دستخط کر دئیے ہیں۔جس کے بعدترکیہ کو لڑاکا طیاروں کی فروخت اور موجودہ طیاروں کو اپ گریڈ کرنے کا معاہدہ حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ یہ فروخت نیٹو کے باہمی تعاون میں سرمایہ کاری ہے اور یہ امریکہ، ترکی اور نیٹو اتحاد کے قومی سلامتی کے مفادات کی حمایت کرے گی۔
امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے اس سال کے شروع میں ترکیہ کو جیٹ طیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی۔ جس کی درخواست 2021میں کی گئی تھی۔یوں برسوں کے مذاکرات کا خاتمہ ہو گیا جو نیٹو کے دو اتحادیوں کے تعلقات میں تناؤ کا باعث تھے۔
ملر نے کہاکہ آپ کو یاد ہوگا کہ فنش لائن پر اس خاص فروخت کو حاصل کرنے میں کچھ وقت لگا، اور ہمیں اسے آگے بڑھتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی۔جبکہ ترک میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس خط میں تکنیکی تفصیلات، جیسے مقدار، مواد اور قیمتیں شامل ہیں، اور ترکیہ فی الحال ان تفصیلات کو دیکھ رہا ہے۔اس نے اس خط کو قبول کر لیا ہے لیکن ابھی تک کسی معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں۔کیونکہ ترکیہ کی جانب سے اس خط کے کچھ حصوں کی تشریح کی توقع ہے۔
دریں اثناہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں ترک وزارت دفاع کےترجمان نے بتایا کہ فروخت اور جدید کاری کا عمل طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق جاری ہے۔معاہدے کے تحت ترکیہ کو 40 نئے F-16 ملیں گے اور اس کے موجودہ بیڑے میں سے 79 کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More