انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترکی کی پارلیمنٹ، جسے ٹرکش گرینڈ نیشنل اسمبلی (ٹی بی ایم ایم) کے نام سے جانا جاتا ہے، نے حکمران جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) کے ڈپٹی چیئرپرسن نعمان قرتولموس کو اپنا 30 واں اسپیکر منتخب کر لیا ہے ۔جس کے ساتھ نئی پارلیمنٹ کی تشکیل کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
سپیکر کے انتخاب کے عمل میں تمام ممبران نے حصہ لیا اور یہ مقابلہ تین راؤنڈز تک جاری رہا۔ جس کے حتمی مرحلے میں اے کے پارٹی اور اس کی اتحادی نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی کے مشترکہ امیدوار کے طور پر قرتولموس نے 321ووٹ لیکر چھ دیگر امیدواروں کے مقابلے میںسپیکر منتخب ہو گئے۔
ان کے حریفوں میں ریپبلکن پیپلز پارٹی کی طرف سے نامزد کردہ تیکن نبگول، گرین لیفٹ پارٹی کی طرف سے نامزد تولےحطیم اوگولاری، گڈ پارٹی سے جیحان پاجیجی، ڈیموکریسی اینڈ پروگریس پارٹی سے مصطفیٰ ینروگلو شامل تھے۔ فیوچر پارٹی سے سیرپ یزدی اوزبدان اور ترک لیبر پارٹی سے جان اتالے شامل تھے۔
قرتولموس2019 میں سپیکر منتخب ہونے والے اے کے پارٹی کے قانون ساز مصطفیٰ سینتوپ کی جگہ لیں گے۔
یاد رہے کہ ترکیہ میں پارلیمانی اسپیکر پارلیمان کی پانچ سالہ مدت کے دوران پہلے دو سال اور پھر تین سال کی مدت کے لیےدو بار منتخب ہوتا ہے۔