اسلام آباد(پاک ترک نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ترک کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔
تفصیلات کےمطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے ملاقات کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی، معاشی ، تعلیمی اور ثقافتی تعاون مزید بڑھانا ہو گا۔ترکیہ کی کمپنیاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرمایہ کاری کریں۔پاکستان اور ترکیہ کی عوام کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دونوں اقوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔پاکستان انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت ترکیہ کے ترقیاتی تجربے سے مستفیدہو سکتا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان 7ویں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس میں ترک صدر رجب طیب اردگان کا خیرمقدم کرے گا۔
صدر مملکت نے صدر ِپاکستان منتخب ہونے اور رمضان المبارک کے آغاز پر صدر اردگان کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات پر شکریہ ادا کیا ۔صدر مملکت نے ترکیہ کے صدر کی مستقبل میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
علاقائی روابط کے فروغ کیلئے صدر مملکت کی دونوں ممالک کے مابین ریلوے رابطہ قائم کرنے کیلئے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کی تجویز بھی دی گئی ۔صدر ِمملکت کا عوامی روابط کے مزید فروغ کیلئے تعلیمی اور ثقافتی تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔