لندن(پاک ترک نیوز)
ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی ہے جس میں سویڈن کی نیٹو میں شمولیت، دفاعی تعاون اور دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بات چیت گذشتہ شب وسطی لندن میں ہوئی جہاں دونوں ہم منصب یوکرین کی بحالی کی کانفرنس میں شرکت کر رہے تھے۔فیدان نے صحافیوں کو بتایا کہ آج ہم یوکرین کے لیے اپنی حمایت کا مظاہرہ کرنے کے لیے لندن میں موجود ہیں۔اگرچہ دونوں ممالک ہر معاملےکوایک آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے۔ تاہم نیٹو اور دیگر پلیٹ فارمز کے اندر ان کا دیرینہ اتحاد انہیں مل کر کام جاری رکھنے پر مجبور کرتا ہے۔
اس بات کو یاد کرتے ہوئے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ سال ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں ترکیہ ۔امریکہ اسٹریٹجک میکانزم قائم کیا تھا فیدان نے کہا کہ میکانزم کا مقصدباہمی مسائل کو حل کرنا اور گہرے تعاون کے مواقع تلاش کرنا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ترکیہ کے نئے وزیر خارجہ حاقان فیدان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں کے ساتھی سے مل کر خوشی ہوئی۔انہوں نے دو طرفہ تعلقات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اور ترکیہ انتہائی ضروری، اہم مسائل پر مل کر بہت کچھ کر رہے ہیں۔
بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ ملاقات کے دوران آئندہ نیٹو سربراہی اجلاس، اتحاد میں سویڈن کی شمولیت اور امریکہ اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات ایجنڈےپر تھے اور ان کے علاوہ ، توانائی اور اقتصادی تعاون سمیت متعدد مسائل پر گفتگو کی گئی۔ بلنکن نے مزید کہا کہ ہمارے دونوں ملکوںکے درمیان تعلقات گہرے اور بھرپور ہیں۔
سابقہ پوسٹ