انقرہ (پاک ترک نیوز ) ترک صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 صوبوں میں تین ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا جو کہ 14 مئی کو ہونے والے انتخابات سے قبل ختم ہو جائے گی۔
ٹیلی ویژن خطاب میں ترک صدر نے کہا کہ ہنگامی حالت کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ملک کے جنوب مشرق میں ریسکیو آپریشن جلد سے جلد انجام دیا جائے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارکنوں اور مالی امداد کی اجازت ہو گی۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی ) نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ قومی سطح پر 4,700 سے زیادہ تباہ شدہ عمارتوں سے 8,000 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزارسے زائد ہوگئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق متاثرین کی تعداد 23 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ ترکیہ نے آخری بار 2016 میں ناکام بغاوت کی کوشش کے بعد ایمرجنسی نافذ کی تھی جو کہ 2 سال بعد ختم کی گئی تھی۔