ترک امدادی ادارے اور مسلم ہینڈز کا اشتراک، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے موبائل کلینک تیار

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی (ٹی آئی کے اے) نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ علاقوںمیں خدمات سر انجام دینے کےلئے "موبائل کلینک” پروجیکٹ کا آغاز کیاہے۔
ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مثالی دوستی اور بھائی چارہ ہمیشہ مضبوط ثابت ہوا ہے۔ جنگ اور قدرتی آفات سے لے کر سماجی افراتفری تک دونوں ممالک ٹھوس شراکت دار رہے ہیں۔
پاکستان میں جون میں شروع ہونے والی بارشوں کے باعث آنے والے حالیہ سیلاب کی وجہ سے جان و مال کا نقصان ہوا اور 880 سے زائد صحت کی سہولیات کو نقصان پہنچا۔ ترکیہ نے امدادی سامان سے بھری تقریباً 15 پروازیں اور 13 "مہربانی ٹرینیں” فراہم کی ہیں۔ جن میں خیمے، کشتیاں، کھانے پینے کی اشیاء، ادویات، ویکسین اور دیگر سامان شامل ہیں۔
اس مشکل وقت میں بہت سے امدادی منصوبوں کے ساتھ ساتھ ٹی آئی کے اے اور فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز نے ایک مکمل موبائل کلینک کا آغاز کیا ہے جسے آفات سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی خدمات کے تسلسل اور وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
منصوبے کی افتتاحی تقریب میں اسلام آباد میں ترکیہ کے سفیر مہمت پیکی، ٹی آئی کے اےاسلام آباد کے کوآرڈینیٹر محسن بالسی، مسلم ہینڈز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جاوید گیلانی، ترکیہ اور پاکستان کے اداروں کے نمائندوں اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ ترک سفیر نے تقریب میں اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان ہر شعبے میں بہت گہرے تعلقات ہیں اور پاکستان میں آنے والا سیلاب اس بات کی ایک مثال ہے کہ ہم کس طرح ترکی کی طرف سے شروع کی گئی امدادی مہموں کے آغاز میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
موبائل کلینک جو مسلم ہینڈز کے ذریعے چلایا جائے گا خاص طور پر سیلاب سے متاثرہ صوبوں سندھ اور بلوچستان میں موبائل ہیلتھ اسکریننگ کرے گا۔ پروجیکٹ مختلف ادویات اور طبی آلات بھی فراہم کرتا ہے اور اس کا مقصد صحت کی سہولیات سے دور علاقوں تک صحت کی خدمات پہنچانا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More