ترکیہ کا بحری جہاز 900ٹن امدادی سامان لیکر کراچی پہنچ گیا

کراچی(پاک ترک نیوز)
ترکیہ کی جانب سے بحری جہاز کے ذریعےپاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے بھجوائے گئےتقریباً 900ٹن امدادی سامان کو ایک تقریب میں پاکستانی حکام کے حوالے کر دیاگیا ہے۔
کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والے ترکی کے جہاز کے ذریعے پاکستان پہنچنے والے امدادی سامان میں خوراک اور باورچی خانے کی اشیاء، کمبل، گرم کپڑے، صفائی کا سامان اور گدے شامل ہیں۔کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل کمال سانگو نے ترکیہ کے سرکاری امدادی ادارے اے ایف اے ڈی کی جانب سے امدادی سامان صوبہ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری کے حوالے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سانگو نے کہا کہ 900 ٹن امدادی سامان لے کر ایک اور جہاز 4 فروری کو کراچی پہنچے گا۔ ہم سیلاب متاثرین کو بتانا چاہتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں آپ اکیلے نہیں ہیں۔ ترکیہ کے لوگ آپ کے ساتھ ہیں۔
ٹیسوری نے اپنے ریمارکس میں انقرہ کا ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی مسلسل مدد کے لیے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی اور عالمی مسائل پر یکساں نظریہ رکھتے ہیں اور آزمائش کی گھڑیوں میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اب تک انقرہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 15 طیارے اور 13 "گڈنیس ٹرینیں” بھیجی ہیں جن میں امدادی سامان، خیمے، خوراک، ادویات، باورچی خانے کی اشیاء، ویکسین اور دیگر سامان شامل ہیں۔اے ایف اے ڈی نے 19 علاقوں میں 30,000 سے زیادہ خیمے بھی فراہم کیے ہیں جن سے 200,000 بے گھر افراد کو عارضی رہائش فراہم کی گئی ہے۔
ترک خیراتی ادارے نے سندھ کے اضلاع جامشورو، دادو اور نوشہرو فیروز میں تین خیمہ شہر بھی قائم کیے ہیں – یہ علاقے بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More