عمر اکمل بہترین ٹیلنٹ کی داستان ہے جسے بدقسمتی سے ضائع کردیا گیا،رمیز راجہ

 

کراچی (پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ اور سابق کرکٹر رمیز راجہ کا کہناہے کہ عمر اکمل بہترین ٹیلنٹ کی داستان ہے جسے بدقسمتی سے ضائع کردیا گیا۔ پاکستان نے عمراکمل جیسا میچ ونر پیدا نہیں کیا۔

رمیز راجا نے کہا کہ جب عمر اکمل نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تو وہ میرے پسندیدہ کرکٹر تھے، حالیہ اننگز اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ کتنے باصلاحیت ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ مستقبل میں ان کے ساتھ کیا ہوگا۔
رمیز راجا نے کہا کہ وہ ہمارے لیے ایک اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں یا نہیں مگر آج کی تاریخ میں عمر اکمل سے بڑا کوئی میچ ونر نہیں ہے، ایک تو ان کی فٹنس اور دوسرا ڈسپلن کا مسئلہ ہے، آپ کو کیریئر کے دوران خاموش رہنا چاہیے بعد ازاں جو مرضی ہو بولتے رہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین ٹیلنٹ کی داستان ہے جسے بدقسمتی سے ضائع کردیا گیا۔ عمر اکمل تمام پلیئرز کیلیے بھی بڑا سبق ہے کہ اگر آپ ڈسپلن کا مظاہرہ نہیں کرتے اور کیریئر کے دوران منہ بند نہیں رکھیں گے تو پھر اس بات کی توقع رکھیں کہ کسی بدقسمتی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ عمر اکمل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اتوار کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے 14 بالز پر 43 رنز بنائے تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More