جنیوا (پاک ترک نیوز)
اقوام متحدہ کا صحت کا ادارہ (ڈبلیو ایچ او) ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلوں جن میں دونوں ممالک میں 16,000 سے زیادہ افراد جاں بحق اور55 ہزار زخمی ہوئے تھےکے بعد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے ماہرین کی ٹیمیں اور طبی سامان بھیجے گا۔
ڈبلیو ایچ اوکے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے جمعرات کے روزنیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او اپنے ہنگامی ردعمل کے یونٹ کے ساتھ ساتھ طبی سامان کی تین پروازوں کو مربوط کر رہا ہے۔ جبکہ امدادی سرگرمیوں کو مربوط کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی وفدبھی بھیجے گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ایک پرواز متحدہ عرب امارات میں دبئی میں ہمارے لاجسٹک مرکز سے طبی سامان اور سرجیکل ٹراما کٹس لے کر استنبول کے راستے متاثرہ علاقوں کے لئے روانہ کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دمشق کے لیے ایک پرواز تقریباً روانگی کے لیے تیار ہے اور تیسری کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو طاقتور زلزلوں کے متاثرین کو رہائش، خوراک، صاف پانی اور طبی امداد کے ساتھ ساتھ صحت کی دیگر ضروریات کی بھی ضرورت ہے۔عالمی ادارہ نے دونوں ممالک کی مدد کے لیے ہنگامی صورت حال کے لیے فنڈ سے 3 ملین ڈالر جاری کیے ہیں۔
دریں اثنااقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے بھی بدھ کے روز تباہ کن زلزلوں کے بعد ہنگامی ردعمل کا آغاز کیا۔اور ہنگامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اسے 46 ملین ڈالر کی فوری ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ رقم اگلے تین سے چار ماہ تک ترکیہ اور شام کے 500,000 متاثرین کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ترکیہ اور شام کی اپیل پر کام کر رہاہے۔ اور امید ہے کہ ہم آنے والے دنوں میں کچھ اعلان کرنے کے قابل ہو جائیں گے ۔تاہم پہلا کام، یقیناً، اس بات کی نشاندہی کرنا ہے کہ ضروریات کا پیمانہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے امدادی ادارے، دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور نے بھی منگل کو ترکی اور شام کے لیے 25 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے۔