امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن 5نومبر کو ترکیہ کا دورہ کریں گے

نیویارک (پاک ترک نیوز) امریکی وزیر خارجہ 5نومبر کو ترکیہ کا دورہ کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق مشرق وسطی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن ایک روزہ دورے پر ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ پہنچیں گے ۔
امریکی وزیر خارکہ ترکیہ کے اعلیٰ حکومتی عہدے داروں کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔دورے میں حوثیوں کے حالیہ راکٹ حملوں کے علاوہ شام میں ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کی موجودگی بھی زیر بحث آئے گی۔
بلنکن کی خطے میں ہونے والی ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ کی جنگ کے پھیلنے کے امکانات و مضمرات کا موضوع بھی اہم ہوگا کیونکہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون اور راکٹ حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ اس سے قبل بھی اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں مشرق وسطیٰ کا طویل دورہ کر چکے ہیں، اب بھی وہ مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک کا دورہ کریں گے، ان میں اردن بھی شامل ہے۔
یاد رہے ترکیہ اور اردن میں غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کے خلاف کافی ردعمل پایا جاتا ہے اور ان دونوں ملکوں نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی عملے کے حوالے سے سخت اقدامات کا بھی عندیہ دے رکھا ہے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More