مٹھی بھر بھٹکے لوگوں کو اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے،وزیراعظم

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر بھٹکے لوگوں کو اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
وزیراعظم نے ڈنمارک میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے تازہ ترین واقعہ سے متعلق اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ تسلسل سے نفرت آمیز اور گھناؤنے واقعات کے پیچھے منفی حکمت عملی پوشیدہ ہے، مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ اسلاموفوبیا کو فروغ دیا جا رہا ہے، مختلف حکومتوں اور عقائد کے رہنماؤں سے اس سلسلے کے خاتمے کیلئے بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ عراقی سفارتخانے کے سامنے قرآن مجید کی بے حرمتی سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، پاکستان میں بھی اس واقعے کے حوالے سے انتہائی تشویش اور درد محسوس کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مٹھی بھر بہکے لوگوں کو اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، منفی عزائم رکھنے والے چند لوگوں کا ایجنڈا کسی صورت پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔
یاد رہے کہ ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا ایک اور افسوسناک واقعہ رونما ہوا جس میں دو افراد نے عراقی سفارت خانے کے سامنے ناپاک جسارت کی، اس واقعے کیخلاف گزشتہ روز یمن میں ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے۔
قرآن پاک کی بے حرمتی پر دارالحکومت صنعا میں سرکاری سطح پر بڑا احتجاج کیا گیا جس میں شہریوں نے قرآن پاک اٹھا کر واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی، ریلی میں بچوں اور بزرگوں کی بھی بڑی تعداد میں موجود تھی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More