استنبول (پاک ترک نیوز)
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ہم 6 فروری کو آنے والے دوہرے زلزلوں کے اپنے زخموں کو جلد از جلد مندمل کر لیں گے۔اور ہم زلزلوں سے تباہ ہونے والے اپنے شہروں کو بھی جلد بحال کریں گے۔
صدر اردوان نےان خیالات کا اظہارگذشتہ روز یہاں ملک میں ہونے والے عام اور صدارتی الیکشن سے متعلقہ ایک تقریب کے دوران زلزلوں کے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئےکیا ۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ زلزلہ متاثرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک سال میں کافی عمارتیں تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس ضمن میں پہلے سال میں 319,000 اور مجموعی طور پر 650,000 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں زندگی بتدریج بحال ہو رہی ہے۔ بیشتر علاقوں میں تعلیم و تعلم کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔ اسی طرح طبی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی بھی تیزی سے بہتر کی جارہی ہے۔جبکہ دوکانوں اور کاروباروں کی بحالی کے لئے بنکوں نے انتہائی سستے قرضوں کا اجرا شروع کر دیا ہے۔