لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ خالق کائنات کے سوا ہم کسی کے بھی سامنے ہرگز نہیں جھکیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس دہشت کے راج کے پیچھے یہ ذہنیت کار فرما ہے کہ ہم اہل پاکستان بھیڑوں کا ایک ریوڑ ہیں جنہیں با آسانی خوفزدہ کرکے طاقت کی ننگی نمائش کے آگے جھکایا جاسکتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا ہم تاریخ عالم کے اس عظیم ترین قائد (محمد الرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم) کی امت ہیں جنہوں نے ہمیں رب العزّت کے حضور اس عہد میں باندھا کہ خالق کائنات کے سوا ہم کسی کے بھی سامنے ہرگز نہیں جھکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بدترین کریک ڈاؤن اور ملک میں قائم دہشت کے اس راج جس کی زد میں آج تحریک انصاف اور اس کے سپورٹرز ہیں ایسا مظاہرہ تو مشرف اور ضیاء کے مارشل لاء ادوار میں بھی نہیں کیا گیا۔