کینیڈا کی امیگریشن کے لیے آپ کس کیٹیگری میں اپلائی کریں گے؟

ھمارا ملک ان دنوں جس طرح کے بدترین سیاسی و معاشی بحران کا شکار ہے اس سے متوسط طبقات کے لاکھوں تعلیم یافتہ ،پروفیشنلز اور ھنر مند افراد مایوسی میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔ان میں سے بیشتر کی خواہش اور کوشش ہے کہ اپنے بہتر روز گار اور بچوں کے محفوظ مستبقل کے لئے بیرون ملک سکونت اختیار کر لیں ۔
ایسے میں نوسر بازوں کے گروپ اور اکاونٹ متحرک ہو چکے ہیں جو ہر ایک کو سبز باغ دکھا کر بیرون ملک بھجوانے اور وھاں سیٹل کروانے کے نام پر رقوم بٹور رہے ہیں ۔ شروع میں ایک لاکھ روپے اور ذاتی دستاویز لیکر پراسس کا کہہ دیتے ہیں اور لٹکائے رکھتے ہیں ۔کچھ عرصہ بعد زیادہ تر رفو چکر ہو جاتے ہیں ۔اس لئے محتاط رہیں ۔مایوسی اور بے روزگاری میں دھوکہ بازوں کا کام بہت آسان ہو جاتا ہے۔یہی آجکل ہو رھا ہے۔
درج ذیل سطور آپ کو رھنمائی فراہم کرنے کی ایک کوشش ہے۔
کینیڈا کی امیگریشن کے لیے آپ کس کیٹیگری اپلائی کریں
گے؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کینیڈا جاکر ملازمت اور شہریت کے خواہش مند افراد کے لیے مفید معلومات کی تفصیل:

کینیڈین امیگریشن کی اقسام:

کینیڈا رقبے کے لحاظ سے روس کی ریاستوں کی الگ حیثیت کے بعد دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔اس کی آبادی رقبے کے لحاظ بہت کم ہے۔جو لگ بھگ ساڑھے تین کروڑ ہے۔ کینیڈا کو land of opportunities بھی کہا جاتا ہے۔
کینیڈا کو موجودہ دنیا کے پر امن اور فلاحی ممالک میں ممتاز مقام حاصل ہے۔یہ معدنی وسائل سے مالامال ملک ہے جہاں دنیا بھر میں سب سے زیادہ پانی کے ذخائر موجود ہیں ۔ ملٹی کلچرل ازم کینیڈا کی خاص پہچان ہے جہاں مختلف ذات پات ،قومیتوں اور رنگ و نسل کے لوگ پر امن طریقے سے رھتے ہیں اور سب کو یکساں شہری حقوق حاصل ہیں ۔ امیگریشن کینیڈا کی معیشت اور معاشرت کی ریڑھ کی ھڈی ہے ۔یہ ملک تعلیم یافتہ اور پیشہ ور افراد کے ساتھ ساتھ کم پڑھے لکھے اور لیبر ورک کرنے والوں کو بھی اپنے ملک میں کام کرنے اور شہریت حاصل کرنے کا پورا موقع فراہم کرتا ہے۔ کینیڈا کی امیگریشن منسٹری نے اس مقصد کے لیے مختلف کیٹگریز بنا رکھی ہیں۔ جن کے تحت لوگ اپلائی کرتے ہیں۔ زندگی کے جس شعبہ میں آپ تعلیم اور مہارت رکھتے ہوں آپ اُسی شعبہ میں ہی اپلائی کریں گے تو آپ کی کامیابی آسان ہوجاتی ہے۔ اس لئے آپ سب سے پہلے اپنے لیے کیٹیگری کا انتخاب کریں گے۔ پھر آپ متعلقہ کیٹگری کے تحت درکار تعلیم ، مہارت اور تجربہ کے ثبوت پورے کرتے ہوئے اپلائی کردیں گے۔
اگر آپ کے پاس اچھی تعلیم ہے تو آپ کینیڈا کی شہریت آسانی سے حاصل کر پائیں گے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے پاس اچھی تعلیم نہیں مگر آپ کے پاس کوئی پیشہ ور فنی مہارت ہے جیسے ڈرائیونگ، میکینک ، ٹیکنیشن ، باغبانی یا اسی طرح کی کوئی اور مہارت جو کسی انسانی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر ہے تو آپ کینیڈا جانے اور وہاں کی شہریت کے لئے درخواست دےسکتے ہیں۔

کینیڈا جس مہارت کی بنیاد پر جو امیگریشن آفر کرتا ہے اُس کی کچھ تفصیل درج ذیل ہے۔
مینیجرز کی سطح کی مہارت:

اس درجہ میں وہ لوگ اپلائی کر سکتے ہیں جن کے پاس انتظامی اُمور سمبھالنے کا تجربہ ہو۔ جیسے کہ ہوٹل مینیجر، بنک مینیجر، ریسٹورنٹ مینجر ، لیبر کا سُپر وائیزر اور اسی طرح کے دیگر کاروباری مینیجرز وغیرہ ۔
اگر آپ کے پاس کوئی پروفیشنل ڈگری یا سرٹیفیکیٹ موجود ہے جس سے یہ پتہ چلتا ہو کہ آپ انتظامی اُمور اچھی طرح چلانے کے امور سے واقف ہیں ۔علاوہ ازیں آپ کے پاس اپنی ڈگری کے مطابق تجربہ بھی ہے تو آپ کینیڈا کی سِکلڈ ورکر کیٹیگری کے تحت ضرور اپلائی کریں۔ کینیڈا ایسے لوگوں کو بخوشی اپنی شہریت آفر کرتا ہے اور ملازمت سے اچھی آمدن کے امکانات ہوتے ہیں
پیشہ ور ڈگری ہولڈرز کے لیے:

اس کے تحت وہ لوگ اَپلائی کر سکتے ہیں جن کے پاس کوئی پروفیشنل ڈگری ہو۔ جیسے ڈاکٹر، انجینیر، اکاؤنٹنٹ، سافٹ وئیر ڈیولپر، پروفیسر، ٹیچر، کمپیوٹر سائنٹسٹ اور اِسی طرح کے دیگر پروفیشنل ڈگری ہولڈرز، یہ تمام لوگ مہارت کی کیٹیگری (اے ) کے زمرے میں آئیں گے۔ کینیڈا اس طرح کے ماہر لوگوں کو بڑی آسانی سے اپنے ملک کی شہریت دیتا ہے۔ کینیڈا اس طرح کی حکمتِ عملی سے اپنے ملک میں لائق اور قابل لوگوں کا اضافہ کرتا رہتا ہے۔ ایسے پیشہ ور لوگ کینیڈا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ڈپلومہ ہولڈرز کیٹگری:

مہارت کی اس کیٹیگری میں پروفیشنل لوگوں کا وہ طبقہ اپلائی کر سکتا ہے جس کے پاس کسی ٹیکنیکل ادارے سے کوئی ٹیکنیکل ڈپلومہ یا سرٹیفیکیٹ ہو، جیسے پلمبر، الیکٹریشن، موٹر میکینک ، اے سی ٹیکنیشن، باورچی، کمپیوٹر آپریٹر اور اسی طرح کے دیگر پیشہ ور لوگ جنہوں نے کسی ادارے سے کسی ھنر میں ڈپلومہ یا سرٹیفیکیٹ لیا ہو۔ ایسے لوگ کینیڈا میں رہتے ہوئے بہت تھوڑے وقت میں معقول دولت کما سکتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس اس طرح کی کوئی مہارت ہے تو آپ کو چاہئیے کہ آپ کینیڈا کے ورک پرمٹ کے لیے اپلائی کریں۔ ورک پرمٹ والے بعض اوقات جہاں چاہیں وہاں کام کر سکتے ہیں۔

تجربہ کار لیبر ورکرز کیٹیگری:

مہارت کی اس کیٹیگری میں وہ لوگ آتے ہیں جن کے پاس نہ تو کوئی ڈگری ہوتی ہے، نہ ڈپلومہ ، نہ سرٹیفیکیٹ مگر یہ کہ یہ لوگ کسی نہ کسی کام کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ جیسے گوشت کاٹنے والے، جانور ذبح کرنے والے، ہوٹل پر کام کرنے والے ویٹر، سجاوٹ کرنے والے، کھانا تیار کرنے والے ، کھانا گاہکوں کو سرو کرنے والے، ٹرک ڈرائیورز، موٹر ڈرائیورز ،جوتے مرمت کرنے والے، باربرز /حجام ،پیکنگ کا کام کرنے والے، روٹیاں پکانے والے افراد۔ یہ تمام لوگ مہارت کی کیٹیگری (سی) کے تحت اپلائی کر سکتے ہیں ۔ یہ وہ کیٹیگری ہے جس کے تحت ہر ایک اَپلائی کر سکتا ہے۔ ایسے ھنر مند اور پیشہ ور افراد کو چاہیئے کہ وہ کینیڈا سے ارینجڈ ایمپلائمنٹ/جاب آفر لیڑ منگوا لیں یا پھر ضرورت پڑنے پر کسی کنسلٹنٹ کی مدد لے لیں۔

لیبر ورکرز کیٹیگری:

اس کیٹگری کے تحت وہ لوگ اپلائی کرسکتے ہیں جن کے پاس کسی قسم کی کوئی مہارت یا پروفیشنل ڈگری نہیں ہوتی۔ البتہ اِس کیٹگری کے تحت اپلائی کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ جسمانی طور پر میڈیکلی فِٹ ہوں اور اَچھی صحت کے ساتھ ساتھ چست اور توانا بھی ہوں تا کہ لیبر ورک آسانی کر سکیں کیونکہ کینیڈا کی جابز پر سست ورکرز کو برداشت نہیں کیا جاتا۔اور گھنٹہ کے حساب سے اجرت ادا کرنے کے عوض پورا وقت کام بھی لیا جاتا ہے۔
ایک توجہ طلب امر یہ ہے کہ آپ کے پاس جتنی زیادہ قابلیت ہوگی ، عمر جنتی کم اور مہارت جتنی زیادہ ہوگی اُتنی زیادہ آسانی سے آپ کو کینیڈا کی شہریت ملنے کے امکانات ہوتے ہیں ۔
آپ کینیڈا کی شہریت دو طرح سے اپلائی کرسکتے ہیں ۔
1۔ اپنے ملک میں رہتے ہوئے
2۔ کینیڈا جا کر وہاں سے اپلائی کریں۔
آپ ہردو طریقوں پر قسمت آزمائی کر سکتے ہیں ۔ بعض کیسز میں بہتر ہوتا ہے کہ آپ پہلے کینیڈا کا ورک پرمٹ حاصل کریں اور کینیڈا میں کام کے دوران ہی اپلائی کریں۔ اگر ایسا ممکن نہیں تو کینیڈا کے وزٹ ویزہ پر کینیڈا جائیں اور وہاں ملازمت تلاش کرنے کی کوشش کریں ۔اکثر اوقات یہ آسان نہیں ہوتا پھر بھی بہت سے افراد نے ملازمت کے ساتھ امیگریشن کے لئے اپلائی کیا اور کامیابی حاصل کی ۔
کینیڈا جا کر اپلائی کرنے والا آپشن صرف اُس صورت میں ممکن ہے کہ جب آپ کے پاس خاطر خواہ رقم موجود ہو اگر ایسا نہیں تو آپ اپنے ملک میں رہتے ہوئے کینیڈا کی ان لائین جابز اور حکومت کی امیگریشن سائیٹس سے رابطہ/استفادہ کریں اور کینیڈا جانے کے لیےتمام تر معلومات کو اچھی طرح سمجھیں اور مناسب موقعہ ملتے ہی اپلائی کردیں۔ قسمت ساتھ دے تو بعض اوقات اپلائی کرنے پر کینیڈا کا ویزہ آسانی سے مل جاتا ہے۔ غلط گائیڈ کرنے اور مایوسی پھیلانے والے حضرات کی باتوں کو سننے اور عمل میں محتاط رہیں ۔زھن کھلا رکھیں اور نہ ہی کسی چکنی چپڑی باتیں کرنے والے نوسر بازوں اور بازاری ایجنٹ حضرات کے دھوکے میں نہ آئیں ۔ قابل اعتماد دوست سے خود معلومات لیں اور تسلی سے قابل عمل تجاویز کا جائزہ لیں ۔ یہ بات اچھی طرح زھن نشین رھے کہ کوئی کنسلٹنٹ/ایجنٹ آپ کو کینیڈا کا ویزہ نہیں جاری کر سکتا ۔اس کا کردارصرف یہ ہوتا ہے کہ آپ کے لیے متعلقہ کاغذات تیار کر دے اور ویزہ انٹرویو کی تیاری میں مدد فراہم کرے۔
یہ بات زھن میں رکھیں ہر ایک شخص دوسرے ملک جاکر کام کرنے اور وھاں کی شہریت کا حامل نہیں ہو سکتا۔اپنے آپ کو زبردستی سے اھل بنانے کی کوشش کے نتیجہ میں پریشانی کے ساتھ بڑا مالی نقصان اور قیمتی وقت ضائع ہونے کا احتمال بھی ہوتا ہے ۔اس لئے محتاط رہیں اور امیگریشن کے لئے جائز اور قابل قبول راستہ اختیار کریں ۔ عمومآ ہر کام اُس وقت تک مشکل ہوتا ہے جب تک آپ خود اُسے نہیں کرتے ۔ ہر نئے اور مشکل کام کو کرنے کا سلیقہ سیکھنا ہی سکل/ہنر کہلاتا ہے۔جو اللہ نے ہر انسان کے اندر رکھا ہوتا ہے۔آپ بھی اپنی کوشش سے ہر مشکل کام کو سیکھ کر آسان بنا سکتے ہیں ۔اس دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ۔بیسٹ آف لک
مزید معلومات کے لئے
ejazgillani@gmail.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More