تیانجن(پاک ترک نیوز)فالج اوردماغی امراض سے بچائو کیلئے چائے اور کافی پیجئے۔ جو افراد روزانہ تین سے چار کپ چائے پیتے ہیں ان میں فالم اور دماغی بیماریوں کا امکان بہت کم ہو جاتا ہے ۔
چین کے طبّی ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ روزانہ 2 سے 3 کپ کافی یا 3 سے 5 کپ چائے پیتے ہیں، ان میں فالج اور ڈیمنشیا (دماغی بیماریوں کے مجموعے) کا امکان بھی بہت کم رہ جاتا ہے۔
یہ نتائج انہوں نے 50 سے 74 سال کے 365,682 برطانوی شہریوں کے روزمرہ معمولات اور صحت سے متعلق ایک طویل مدتی مطالعے میں جمع کی گئی معلومات کا تجزیہ کرنے کے بعد اخذ کیے ہیں۔
یہ مطالعہ 2006 میں شروع ہوا جس میں رضاکاروں کی بھرتی 2010 تک کی گئی جبکہ ان تمام افراد کی صحت پر 2020 تک نظر رکھی گئی۔ تمام رضاکاروں کی صحت سے متعلق معلومات ’’یو کے بایوبینک‘‘ نامی ڈیٹا بیس میں رکھی گئی ہیں جس تک دنیا کا کوئی بھی طبّی ماہر رسائی حاصل کرسکتا ہے۔