ارشد شریف قتل کیس،2رکنی تحقیقاتی ٹیم کینیا روانہ

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلئے 2رکنی ٹیم کینیا روانہ ہ گئی ۔ٹیم مختلف زاویوں سے قتل کیس کی تحقیقات کرکے واقعے کے محرکات اور دیگر حقائق کا تعین کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ٹیم کے دونوں ارکان ڈائریکٹر ایف آئی اے اکیڈمی اطہر وحید اور ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو عمر شاہد حامد جمعہ کی صبح روانہ ہوئے۔فلائٹ شیڈول کے مطابق ٹیم کے سربراہ اطہر وحید قطر ائرلائن کی پرواز نمبر 615 کے ذریعے اسلام آباد سے دوحا روانہ ہوئے جبکہ عمر شاہد حامد کراچی سے دوحا کے لیے روانہ ہوگئے۔
تحقیقاتی ٹیم کے دونوں ارکان دوحا ائرپورٹ پر اکٹھے ہوں گے، جہاں سے قطر ائرویز ہی کی پرواز نمبر 1341 کے ذریعے نیروبی روانہ ہوں گے۔ وزارت خارجہ اور کینیا میں پاکستانی سفارت خانہ تحقیقاتی ٹیم کو قیام کے دوران سہولیات و معاونت فراہم کرنے پابند ہوں گے۔
تحقیقاتی ٹیم کینیا میں ارشد شریف کے پہنچنے، رہائش کا بندوبست اور رہائش کس کے ساتھ اختیار رکھنے سمیت پیش آنے والے حالات و واقعات کے بارے میں حقائق معلوم کرے گی۔ علاوہ ازیں تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کی کینیا میں پوسٹ مارٹم رپورٹ، فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی اور ٹریول ریکارڈ کا جائزہ لینے کے علاوہ وہاں کی پولیس ٹیم سے بھی ملے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کا کینیا میں قیام کا دورانیہ 2 ہفتے تک ہو سکتا ہے۔

#arshadsharif#arshadsharifmurder#kenya#PakTurkNews