اسلام آباد(پاک ترک نیوز) معروف صحافی ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی ،تدفین کل اسلام کے قبرستان میں کی جائے گی۔ایئرپورٹ پر میت پہنچنے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم اور لہجہ غمزہ تھا، ارشد شریف کے اہل خانہ غم سے چور نظر آرہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کینیا میں جاں بحق ہونیوالے ارشد شریف کی میت کینیا سے بذریعہ دوحہ اسلام آباد پہنچ گئی ۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے میت کو وصول کیا ۔
کارگو ٹرمینل پر مقتول صحافی ارشد شریف کے اہل خانہ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، مراد سعید اور صحافی موجود تھے۔میت کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں قانونی کارروائی کے بعد اسے مردہ خانے میں رکھا جائے گا۔ارشد شریف کی نماز جنازہ کل بروز جمعرات دوپہر 2 فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ اسلام آباد ایچ الیون میں اُن کی تدفین کی جائے گی۔
سینیئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کا پاکستان میں بھی پوسٹ مارٹم کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ارشد شریف کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وفاقی پولیس اور انتظامیہ پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے انتظامات کرے گی، اس سلسلے میں ڈاکٹرز کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔
ارشد شریف کی والدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے دوران سینیئر سرجن بھی موجود ہوں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ارشد شریف کی گاڑی پر کینیا کے شہر نیروبی کے ہائی وے پر پولیس نے غلط شناخت پر گولیاں برسا دی تھیں جس کے نتیجے میں دو گولیاں اُن کے جسم میں پیوست ہوئیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔