اسلحہ سازی ، دنیا کا سب سے بڑا کاروبار اور IDEAS 2022

(آصف سلیمی )
دنیا میں اسلحے کی تجارت پر نظر رکھنے والے ادارے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹوٹ (ایس آئی پی آر آئی) کے ایک رپورٹ کے مطابق 2021 کے اختتام تک دنیا میں سالانہ دفاعی اخراجات 2 ہزار ارب ڈالر سے زائد تھے ۔ دفاعی اخراجات میں اضافہ کرنے والے ممالک میں امریکا، چین، بھارت، برطانیہ اور روس نمایاں ہیں۔ ایس آئی پی آر آئی کے مطابق گزشتہ سال سے دنیا میں ایک مرتبہ پھر دفاعی شعبے میں اخراجات بڑھ رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ دنیا میں بڑھتا ہوا باہمی عدم اعتماد ہے۔ دفاعی اخراجات سالانہ عالمی جی ڈی پی کے 6.1 فیصد کی شرح سے بڑھ چکے ہیں اور دنیا کی مجموعی پیداوار کا 2.2 فیصد دفاع پر خرچ کی جا رہا ہے۔
ایک ایسے وقت میں جب دنیا میں ہر ملک اپنے دفاع کے حوالے سے فکر مند ہے تو ایسے میں دفاعی نمائش آئیڈیاز ممالک کو انتہائی کم قیمت پر معیاری دفاعی مصنوعات کے حصول کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ نمائش دفاعی سفارتکاری میں اہم ترین تصور کی جاتی ہے۔ پاکستان دنیا کو دفاعی شعبے میں کم قیمت اور قابل بھروسہ دفاعی ہتھیار ہی نہیں بلکہ مکمل دفاعی نظام فراہم کر سکتا ہے۔
کراچی میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں 64 ممالک اپنی دفاعی مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں۔ رواں سال کے آئیڈیاز میں پاکستان سمیت 51 ممالک کے 285 وفود بھی شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستان کے اکنامک حب کراچی میں 11ویں آئیڈیاز 15 سے 18 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے جو خطے میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش کا سب سے بڑا فورم ہے۔
آئیڈیاز میں اسلحے کی صنعت سے متعلق مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں اور ڈیلرز کو اپنی مصنوعات اور خدمات اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے۔ نمائش میں دفاعی پیداوار سے متعلق مشترکہ منصوبےاور تعاون پر تبادلہ خیال کے مواقع بھی ملتے ہیں۔ اس سال دنیا میں سیاسی، تجارتی اور دفاعی سطح پر نئے اتحاد بن رہے ہیں۔ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشمکش، مشرق وسطیٰ کے پیچیدہ حالات، جنوبی بحیرہ چین میں کشیدگی اور یوکرین پر روسی حملے نے ایشیائی خطے کے ساتھ ساتھ یورپ میں بھی سلامتی کے خطرات کو بڑھا دیا ہے۔
2000 میں پاکستان میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن کا آغاز کیا گیا ۔ پہلی آئیڈیاز میں شامل کمپنیوں کی تعداد 100 سے زائد تھی جو 2018ء میں بڑھ کر 500 سے زائد ہوگئی ۔ نمائش میں افریقہ، امریکا، ایشیائی ، ، یورپ کے ممالک بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

#defenceexhibition#expocentre#ideas2022#karachiexpo#PakTurkNewskarachi