افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور امریکا ہم خیال ہیں: وینڈی شرمین

اسلام آباد : امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے افغانستان میں پرامن تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان اور امریکہ کے نقطہ نظر میں ہم آہنگی موجود ہے۔‘ امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی آر شرمن نے وفد کے ہمراہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، افغانستان اور علاقائی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وینڈی شرمن نے افغانستان سے امریکی اور دیگر شہریوں کے انخلاء کے لیے پاکستان کی معاونت اور خطے میں امن کے لیے بروئے کار لائی گئی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ہمیں توقع ہے کہ افغانستان میں نیا سیٹ اپ امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ تمام افغان عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’افغان عوام کی نمائندہ اور وسیع البنیاد حکومت، بین الاقوامی برادری کے لیے قابل اعتماد شراکت دار ہو سکتی ہے۔‘

شاہ محمود قریشی نے موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کے کردار پر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’عالمی برادری کی جانب سے مثبت شمولیت اور افغان عوام کے مصائب کو دور کرنے کے لیے پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان، معاشی تعاون، علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن کے لیے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔‘

’پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ اور منظم ڈائیلاگ کا عمل ہمارے دوطرفہ مفاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ علاقائی مقاصد کو فروغ دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔‘

امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسمیاتی تغیر اور متبادل توانائی کے حوالے سے دو طرفہ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔

afghanistanPakistanTalibanusa