انسان کو چاند اور مریخ تک پہنچانے کا امریکی منصوبہ ، ناسا طاقتور ترین راکٹ ہفتہ کو خلا میں بھیجے گا

کیپ کنیورل (پاک ترک نیوز)
امریکہ کے خلائی ادارے ناسا نےپہلی کوشش کی ناکامی کے بعدہفتہ کے روز پھر سے آرٹیمس مشن کے تحت جدید راکٹ خلا میں بھیجنے کی کوشش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ناسا کے اب تک کےسب سے طاقتور راکٹ کی پرواز پیر کو تکنیکی مسائل کی بنا پر نہیں ہو سکی تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہفتہ کو ہونے والی اڑان کے امکانات کو بھی موسم کے حوالے سے رپورٹس نے دھندلا دیا ہے اور پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ اس روز سازگار موسم کے امکانات صرف 40 فیصد تک ہو سکتے ہیں جبکہ ادارے کا بھی کہنا ہے کہ ابھی کچھ تکنیکی امور حل ہونا باقی ہیں۔پیر کو راکٹ کے اڑان کے لیے گنی جانے والی گنتی اختتام کو پہنچی تو حکام نے میڈیا کو بتایا کہ پرواز روک دی گئی ہے تاہم یہاں تک کا مرحلہ بھی بہت مفید ثابت ہوا ہے اور اگلی کوشش میں ان مشکلات کو حل کر لیا جائے گا جو اس بار سامنے آئیں۔
اس بار ناسا کے حکام کا کہنا ہے کہ سپیس لانچ سسٹم کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اگر سب ٹھیک رہا تو فلوریڈا میں کینیڈی سپیس سینٹر سے راکٹ ہفتہ کی دوپہر کو تقریباً سوا دو بجے پرواز کر جائے گا۔اس مشن کا طویل عرصہ سے انتظار کیا جا رہا تھا جس میں راکٹ چاند اور مریخ تک پہنچے گا۔
رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ 1960 اور 70 کی دہائی کے اپالو لونر کا اگلا مرحلہ ہے جب خلائی شٹلز بھیجی گئیں اور خلائی سٹیشنز بنائے گئے تھے۔
پیر کو پرواز کی ناکامی میں ایک وجہ یہ بھی شامل تھی کہ انجن اس درجہ حرارت تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے جو اڑان بھرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے جس سے الٹی گنتی رک گئی۔
مشن کے مینیجرز نے بتایا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ انجن میں ایک سنسر خراب تھا جس کی وجہ سے انجن کی کولنگ کا مسئلہ پیدا ہوا۔
ا ب ہفتہ کو ہونے والے لانچ کے حوالے سے مینیجرز نے اس کا حل یوں نکالا ہے کہ کاؤنٹ ڈاؤن سے 30 منٹ قبل انجن کا کولنگ پراسس شروع کر دیا جائے گا۔

#interbank#moon#nasa#PakTurkNews#reports#sateliteAmerica