نیویارک (پاک ترک نیوز)
اقوام متحدہ، یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم (او ایس سی ای) اور امریکہ نے آذربائیجان اور آرمینیا پر زور دیاہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان سرحد پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کریں اورکشیدگی کو کم کریں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے منگل کے روز کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل آرمینیااور آذربائیجان کی سرحد کے ساتھ نئے سرے سے لڑائی کی اطلاعات پر گہری تشویش کا شکار ہیں۔ اور گٹیرس نے دونوں فریقوں پر زور دیا ہےکہ وہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں، زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور تمام باہمی مسائل کو بات چیت کے ذریعے اور موجودہ فارمیٹس کے اندر حل کریں۔
او ایس سی ای نے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان تازہ ترین سرحدی جھڑپ کے بعد "فوری جنگ بندی” پر بھی زور دیا۔تنظیم کے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان کی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ فوری طور پرختم ہونا چاہیے۔
دریں اثنا، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی کہاہے کہ انہیں اس بات پر تشویش ہے کہ روس آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تنازعہ میں "برتن ہلانے” کی کوشش کر سکتا ہے کیونکہ واشنگٹن نے دونوں ملکوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔