کراچی (پاک ترک نیوز)پاکستان کی قومی ایئرلائنز (پی آئی اے) کو 2022سے2026کے دوران آئندہ پانچ برسوں میں اپنے کاروبار کو منافع بخش بنانے کے لئے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوی ایشن (ایاٹا) نےتمام منافع بخش روٹس پر پروازیں دوگنا یا اس سے زیادہ کرنے کے ہدف پر مشتمل بزنس پلان دے دیا ہے۔
پی آئی اے کے ذرائع کے مطابق پی آئی اے ان اہداف کے حصول کے لئے آنے والے پانچ برسوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت اپنے تمام دیگر منافع بخش روٹس پر پروازوں میںنمایاں اضافہ کرے گا۔ اس ضمن میں پاکستان سے سعودی عرب کے لئے موجودہ 51ہفتہ وار پروازوں کو 2026تک 98یا اس سے زیادہ کیاجائے گا۔ اسی طرح ائر لائن کے دوسرے سب سے منافع بخش متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ کے روٹس پر بھی موجودہ ہفتہ وار پروازوں کو 85سے بڑھا کر 134کیا جائے گا ۔
بزنس پلان میں برطانیہ سمیت یورپ کے لئے 30، وسطیٰ ایشیا کے لئے8، مشرق بعید کے لئے 32 اور شمالی وجنوبی امریکہ کے لئے 6پروازوںکے اضافے سمیت نئے روٹس شروع کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ جن میں باکو، ہانگ کانگ، استنبول، کویت، تہران، اورمچی اور سنگاپور جیسے منافع بخش روٹس شامل ہیں۔جبکہ پانچ سالہ پلان میںپی آئی اے کی ڈومسٹک پروازوں کو بھی ہفتہ وار 192 سے بڑھا کر 280 تک لے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
مزید براں ان اہداف کے حصول کے لئے ایاٹا کے بنائے گئے نئے بزنس پلان میں پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں بھی مزید 19 طیارے شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اورسال 2026 میں پی آئی اے کا موجودہ فضائی بیڑا 30 سے بڑھا کر 49 تک کرنے کا ٹارگٹ شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارباری منصوبے پر عملدرآمد قومی ائرلائن کو حقیقی معنوں میں2019کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے چلائے جانے پر منحصر ہے۔ وسائل کی دستیابی اور متحرک منصوبہ بندی کے ساتھ بزنس پلان کے تمام اہداف حاصل کرتے ہوئے پی آئی اے کو پھر سے منافع بخش ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔