بنگلہ دیش بھی توانائی بحران کی زد میں ،پاور پلانٹس بند ،لوڈشیڈنگ شروع

ڈھاکہ (پاک ترک نیوز) بنگلہ دیش بھی توانائی بحران کی زد میں آ گیا ، ڈیزل سے چلنے والے تمام پاور پلانٹس بند کردیئے گئے ،ایک ہفتے میں ایک دن پٹرول پمپ بند رکھنے سمیت متعدد اہم فیصلے کر لئے گئے ۔ملک میں لوڈشیڈنگ بھی شروع کردی گئی۔
بنگلہ دیش کے پاور ڈویلپمنٹ بورڈ کے مطابق توانائی بچت کی نئی پالیسی سے روزانہ تقریباً 1500 میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ شارٹ فال کے باعث ملک بھر میں روزانہ کم از کم دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔
بنگلہ دیشی حکومت نے توانائی بچت کیلئے بنگلہ دیش میں ڈیزل سے چلنے والے پاور پلانٹس بند کر دیے گئے۔ پیٹرول پمپس بھی ہفتے میں ایک دن کے لیے بند رہیں گے۔
یوکرین جنگ کے دوران ایندھن کی آسمان چھوتی قیمتوں کے باعث توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے بنگلہ دیشی حکومت نے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس کے علاوہ بجلی بچت کے لیے دفتری اوقات میں کمی، ایئر کنڈیشنر کے استعمال میں اعتدال اور گاڑیوں کے ایندھن کی کھپت کو کم کرنے سمیت دیگر اقدامات بھی زیر غور ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں بجلی بچت کے لیے تمام مارکیٹس اور دکانیں 8 بجے بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

 

#dhaka#energycrisi#light#loadsheding#paktruknews#petrolpumps#powerplants#russiaukrainewarBangladeshPetrol