لاہور (پاک ترک نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بیوی کے مرنے کے 7 سال بعد اس کی جگہ شوہر کو نوکری دینے کا حکم دے دیا ۔ جسٹس شان گل نے 33 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا ۔ جس میں لکھا ہے کہ بیوی کی جگہ خاوند کو نوکری دینے کے قوانین میں تبدیلی کی جائے ۔ موجودہ قوانین کے تحت خاوند کے مرنے کے بعد بیوی کو نوکری ملتی ہے مگر بیوی کے بعد خاوند کوملازمت پر نہیں رکھا جاتا ۔
پنجاب حکومت نے موقف اختیار کیا تھا کہ قانون صرف بیوہ کو خاوند کی جگہ نوکری دینے کی اجازت دیتا ہے ۔ اس پر عدالت نے لکھا کہ پنجاب حکومت کا جواب مضحکہ خیز ہے ۔ اکیسویں صدی میں عورت اور مرد کو یکساں حقوق حاصل ہیں ۔ عورت کے مرنے پر مرد کو نوکری نہ دینا خود عورت کے ساتھ امتیازی سلوک ہے ۔ اسی ملک میں بے نظیر بھٹو وزیراعظم رہ چکی ہیں ۔ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی بھی پاکستانی ہے ۔ آج عورت کی تعلیم کی شرح مردوں سے زیادہ ہے ۔ لہذا قوانین میں تبدیلی جائے اور درخواست گزار گل محمد صدیق کو اس کی مرحومہ بیوی کی جگہ کلرک تعینات کیا جائے۔